اگر آپ رسک لینے کیلئے تیار اور مخالفین کی غلطیوں کو کیش کرسکتے ہیں تو جیت آپ کی ہوگی۔ سابق کپتان کا ٹویٹ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 نومبر 2022ء ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے عمران خان نے پاکستانی ٹیم کیلئے خاص پیغام بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں 1992ء کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو میرا آج وہی پیغام ہے جو میں نے 1992ء کے ورلڈ کپ فائنل میں اپنی ٹیم کو دیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میرا پہلا پیغام یہ ہے کہ اس دن کا لطف اٹھائیں کیوں کہ شاذ و نادر ہی کسی کو ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا موقع ملتا ہے اور اس سے پریشان نہ ہوں، دوسرا یہ کہ آپ جیت جائیں گے اگر آپ خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہیں اور مخالفین کی غلطیوں کو کیش کرسکتے ہیں۔
ادھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل سے قبل موسم کے حوالے سے نئی رپورٹ جاری کی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ میلبرن میں اتوار کے روز صبح کے وقت بارش ہونے کا امکان ہے جب کہ دوپہر کے بعد بادل چھٹ سکتے ہیں، ٹورنامنٹ کا فائنل شام کو کھیلا جانا ہے، اس لیے بادل چھٹ جانے کی صورت میں میچ کا انعقاد ممکن ہو جائے گا۔
میلبرن کے موسم کے حوالے سے آسٹریلیا میں موجود اردو پوائنٹ کے رپورٹر اعجاز گوندل کی جانب سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ہے جب کہ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین کے مطابق میلبرن شہر کا موسم کسی بھی وقت بدل جاتا ہے، بارش کی پیش گوئی کے باوجود ممکن ہے کہ اتوار کے روز بارش نہ ہو۔ دوسری جانب بارش کے امکان کے باعث آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں ردوبدل بھی کیا ہے۔
اگر میچ اتوار کو ممکن نہ ہوا تو اسے اگلے روز دوبارہ اسی مر حلے سے شروع کیا جائے گا جہاں اتوار کو رکا تھا۔ پیر کو ریزرو ڈے پر بھی میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ جبکہ چھت والے سٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا فائنل منتقل کرنے کی تجویز مسترد کردی گئی، میلبورن میں ہی چھت والے دوسرے سٹیڈیم میں ڈراپ ان پچ نہ ہونے کی وجہ سے وینیو تبدیل کرنے کا فیصلہ ممکن نہیں رہا، یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ میلبورن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کا بروز اتوار ٹاس کل 8 منٹ قبل ہوگا۔
میلبرن میں فائنل ٹاس کے بعد میوزیکل پروگرام ہوگا، جس میں مقامی گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، فائنل میچ کے بعد آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جبکہ دوسرے میں انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔