سعودی حکام کے ساتھ عسکری، سفارتی، انٹیلی جنس چینلز کے ذریعے مسلسل رابطے میں ہے.ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن(فوکس نیوز۔03 نومبر ۔2022 ) امریکہ نے سعودی عرب کے خلاف ایران کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے وائس آف امریکا کے مطابق واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ سعودیوں کے ساتھ عسکری، سفارتی، انٹیلی جنس چینلز کے ذریعے مسلسل رابطے میں ہے. انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مفادات اور خطے میں اپنے شراکت داروں کے دفاع کے لیے کام کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے امریکی جریدے” وال اسٹریٹ جرنل“ نے دو روزقبل رپورٹ کیا تھا کہ سعودی عرب نے ممکنہ حملے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر کی ہیں.
رپورٹ کے مطابق ریاض نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے سعودی عرب نے اس سلسلے میں امریکہ سے معلومات شیئر کی ہیں دوسری طرف ایران کی وزارت خارجہ نے ان رپورٹس کو بے بنیا د قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام تہران کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے. امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے ان رپورٹس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی فوجی حکام خطے میں خطرے کی صورت حال کے بارے میں فکر مند ہیں پریس سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ سعودی شراکت داروں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہے کہ وہ اس حوالے سے اس محاذ پر کیا معلومات فراہم کریں گے.
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے جو کہا ہے میں اسے دہراوں گا کہ ہم اپنی حفاظت اور دفاع کا حق محفوظ رکھیں گے چاہے ہماری افواج کہیں بھی خدمات انجام دے رہی ہوں، عراق میں یا کہیں اورمقام پر تعینات ہوں.