ڈو اورڈائی میچ کے لیے قومی ٹیم میں فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو شامل کرلیا گیا‘ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگیا
سڈنی ( فوکس نیوز ۔ 03 نومبر 2022ء ) آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا، ڈو اورڈائی میچ کے لیے قومی ٹیم میں فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو شامل کیا گیا ہے، ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں اچھی کارکردگی کی کوشش کریں گے، پچ اچھی لگ رہی کوشش ہوگی بڑا ہدف سیٹ کریں، ہوسکتا ہے دوسری اننگز میں بالرز کو مدد ملے۔
افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اگر ہم ٹاس جیتتے تو میں بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں پاکستان آج اپنا اہم میچ جنوبی افریقہ سے سڈنی میں کھیل رہا ہے، یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوجائیں گے جب کہ جنوبی افریقہ کے 5 اور انڈیا کے 6 پوائنٹس ہوں گے، بنگلا دیش کے خلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے اگلے مرحلے تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنا دیا ہے، بھارت نے 4 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور جنوبی افریقہ کے 3 میچز میں 5 پوائنٹس ہیں جب کہ پاکستان ٹیم 3 میچز میں 2 پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ہے۔
اس گروپ کے آخری میچز اتوار کو ہوں گے جس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نیدرلینڈز، بھارتی ٹیم زمبابوے اور پاکستانی ٹیم بنگلا دیش سے مقابلہ کرے گی، بھارت اور جنوبی افریقہ کیلئے آخری میچز آسان ہیں اور اگر کوئی اپ سیٹ نہ ہوا تو بھارت کے 8 اور جنوبی افریقہ کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے اور اس صورت میں پاکستان بنگلہ دیش سے جیت بھی گیا تو اگلے راونڈ تک نہیں پہنچ پائے گا کیوں کہ اس کے پوائنٹس 6 ہی رہیں گے، اب پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ بھارت یا جنوبی افریقہ اپنا آخری میچ ہارے مگر اس سے پہلے پاکستان کو اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے لیے ایک صورتحال یہ بھی نکل سکتی ہے کہ جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا میچ واش آؤٹ ہوجائے ایسے میں جنوبی افریقہ کے پوائنٹس 6 رہیں گے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ 2.722 اس وقت پاکستان کے 0.765 سے کافی بہتر ہے، اس صورت میں پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ، جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کے میچ کے بعد ہونا ہے جس سے پاکستان کو اپنے نیٹ رن ریٹ کے ہدف کا اندازہ ہوسکتا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ایڈیلیڈ میں موسم صاف رہے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں اور مکمل میچ کھیلا جائے گا لیکن اس سب سے پہلے اگر پاکستان آج جنوبی افریقہ سے نہیں جیتتا تو پھر اگر مگر کا کھیل بھی ختم ہوجائے گا۔