ملزم نوید نے حملے سے پہلے اپنی موٹر سائیکل اس شخص کی دکان پر کھڑی کی،زیر حراست ملزم سے مزید تفتیش جاری
وزیر آباد (فوکس نیوز ۔ 05 نومبر2022ء) عمران خان پر قاتلانہ حملے کے الزام میں وزیر آباد سے ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا گیا،زیر حراست ملزموں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ اے آر وائے نیوز کے مطابق عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیر آباد سے ایک اور شخص کو حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ حراست میں لیا جانے والا شخص حملہ آور کا قریبی عزیز ہے۔
حملہ آورنوید موٹر سائیکل کے ذریعے اسی شخص کی دکان تک پہنچا تھا،پولیس کے مطابق ملزم نوید نے حملے سے پہلے اپنی موٹر سائیکل اس شخص کی دکان پر کھڑی کی تھی۔زیر حراست شخص سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشہ روز چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے الزام میں گرفتار ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ ملزم وقاص اور ساجد بٹ نے ملزم نوید کو پستول فراہم کیا تھا۔ وزیرآباد سے گرفتار کیا ملزمان نے 20 ہزار میں ملزم نوید کو پستول اور گولیاں فراہم کیں۔ پستول بغیر نمبر اور بغیر لائنسس کے تھا۔جبکہ وزیر آباد حملے میں ملوث گرفتار ملزم نوید کے حوالے سے ڈی پی او گجرات نے انکشاف کیا کہ ملزم کی دوسری ویڈیو کہاں ریکارڈ ہوئی مقام کا کچھ معلوم نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی پہلی ویڈیو بھی ہماری کسٹڈی سے لیک نہیں ہوئی،تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ویڈیو کیسے لیک ہوئی۔ڈی پی او گجرات نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ یہ ویڈیو کس مقام پر ریکارڈ کی گئی،ویڈیو میں جو کمرہ دکھائی دے رہا ہے،وہ کمرہ کبھی نہیں دیکھا۔ قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم نوید کو لاہور منتقل کیا گیا۔بتایا گیا کہ ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی سیل میں پہنچا دیا گیا۔سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں نے ملزم سے پوچھ گچھ کی،ملزم نوید کے بیان کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔