FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

دادا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے دوست مزاری کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی

پنجاب حکومت نے دادا کے جنازے میں شرکت کے لئے پرول کے آرڈر جاری کرنے کے بعد معاملے ٹال مٹول سے کام لینا شروع کر دیا،پنجاب حکومت اسرار کر رہی ہے کہ ان کو بیڑیاں اور ہتھکڑیاں لگا کر قیدیوں والی وین میں لے جایا جائے گا۔عطا تارڑ

لاہور (فوکس نیوز ۔ 05 نومبر2022ء) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ دادا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے دوست مزاری کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے دادا کے جنازے میں شرکت کے لئے پرول کے آرڈر جاری کرنے کے بعد معاملے ٹال مٹول سے کام لینا شروع کر دیا ہے۔
تا حال دوست مزاری صاحب کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔ پنجاب حکومت اسرار کر رہی ہے کہ ان کو بیڑیاں اور ہتھکڑیاں لگا کر قیدیوں والی وین میں لے جایا جائے گا۔
خیال رہے کہ لاہور کی ضلع کچہری نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے اراضی کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر 14 روز کے لیے جیل بھیج دیاجبکہ دوست مزاری نے ضمانت پر رہائی کے لیے اینٹی کرپشن عدالت سے رجوع بھی کر لیا ۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے دوست محمد مزاری کو اراضی پر قبضے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔سماعت کے دوران اینٹی کرپشن حکام نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
سابق ڈپٹی اسپیکر کے وکیل فرہاد علی شاہ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے اسے بلاجواز قرار دیا۔ بعد ازاں وکیل نے نشاندہی کی کہ دوست محمد مزاری پہلے ہی 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کی تحویل میں رہے ہیں، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ۔عدالت نے دوست محمد مزاری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »