ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہو رہی ہے،الیکشن کی تاریخ لینے کے بعد آزادی مارچ کو انتخابی مہم میں تبدیل کر دیں گے،رہنما تحریک انصاف
گوجرانوالہ (فوکس نیوز۔ 02 نومبر2022ء) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ سے مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کو تکلیف ہو رہی ہے،ہم آپکو تھکا تھکا کر ماریں گے۔مریم نواز کو کہتا ہوں کہ اب آپ پر پابندی نہیں رہی،آ کر الیکشن ہی لڑ لیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی تاریخ لینے کے بعد آزادی مارچ کو الیکشن مہم میں تبدیل کر دیں گے۔
نواز شریف،شہباز شریف اور انکے بچوں کی توجہ پیسے بچانے پر ہے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی سیاست ختم ہو رہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ شریف اور زرداری خاندان کو مواقع کیوں دے رہے ہیں؟1100 ارب انکے پیسے نہیں،پاکستان کے پیسے ہیں۔
عمران خان پر ہی ذمہ داری نہیں ہے،ان پیسوں کو واپس لینا سب کی ذمہ داری ہے۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف سے کہتا ہوں کہ باقی نشستوں پر بھی استعفٰی قبول کریں،اس وقت سات نشستوں پر عمران خان ایم این اے ہیں جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔
اگلی 120 سیٹوں پر بھی عمران خان ہی امیدوار ہوں گے،سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جا رہے،بار بار تاریخ بدل دی جاتی ہے۔سندھ کے عوام آپ کے ساتھ نہیں اس لئے الیکشن نہیں کرائے جا رہے ہیں۔شنید ہے کہ سندھ پولیس اسلام آباد میں دربدر ہے،اپنی تنظیم کو کہتا ہوں کہ سندھ پولیس کا اسلام آباد میں سہولتیں دیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی،شہباز گل اور ارشد شریف کیس کا سپریم کو نوٹس لینا چاہیے۔
لانگ مارچ پی ٹی آئی کا معاملہ نہیں،ملکی سیاسی نظام کو بدلنے کے خواہشمند لوگ لانگ مارچ کا حصے بنے،گھر میں بیٹھ کر تبدیلی نہیں آتی ہمیں عوام سے توقع ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایون فیلڈ اپاٹمنٹس کے باہر گزشتہ رو زمظاہرے ہوئے،عوام کا مطالبہ ہے کہ ادارے آئینی کردار میں واپس جائیں۔خرم دستگیر نے اعتراف کیا کہ ہم نے بینرز لگائے۔خرم دستگیر کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا،ان کو جیل میں ہونا چاہیے،پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ خرم دستگیر کو گرفتار کیا جائے۔