مطالبات کی منظوری کے لیے 8 نومبر کو پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد ( فوکس نیوز ۔ 03 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ سرکاری ملازمین نے بھی اسلام آباد میں احتجاج کی تیاری کرلی اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان نے مطالبات کی منظوری کیلیے 8 نومبر کو پارلیمینٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر دھرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ملازمین کا مشترکہ اجلاس نیشنل سیونگ یونین کے مرکزی دفتر میں ہوا، جس میں مطالبات کی منظوری کیلیے ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا، اس دھرنے میں چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تنظیمی رہنمائوں کی سربراہی میں تمام سرکاری ملازمین قافلوں کی صورت میں شریک ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ دھرنے میں وفاق کی تمام تنظیمیں اور ایسوسی ایشنز حصہ لیں گی، دھرنے میں 16 ہزار انجینئرز لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ دھرنے میں شریک ہوں گے، نیشنل سیونگز ملازمین کی جانب سے بھی دھرنے میں بھر پور شرکت یقینی بنائی جائے گی جب کہ پاک پی ڈبلیو کی تنظیم ، سی ڈی اے لیبر یونین، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی تمام تنظیموں کی طرف سے بھی دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے کی نئی تاریخ دے دی، ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے کا نیا شیڈول جاری کیا، انہوں نے بتایا کہ عمران خان 10 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے اور 11 نومبر کو تمام قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز لانگ مارچ کی طرف سے وزیر آباد سے گجرات تک کا سفر طے کیا جائے گا، جمعے کو لانگ مارچ گجرات سے لالہ موسیٰ پہنچے گا، ہفتے کے روز لانگ مارچ کھاریاں سے ہو کر سرائے عالمگیر پہنچے گا، اتوار کوسرائے عالمگیر سے لانگ مارچ جہلم تک کا سفر طے کرے گا۔