بولنگ کی پریشانی کا سبب آئی پی ایل ،اگر بولرز زیادہ رفتار سے بولنگ کرتے تو انگلش بیٹرز کو مشکل میں ڈال سکتے تھے لیکن بھارتی ٹیم کے پاس حقیقی پیسرز نہیں ہیں: سابق کپتان
لاہور (فوکس نیوز ۔ 12 نومبر 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آئی پی ایل شروع ہونے کے بعد آج تک بھارتی ٹیم ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب نے یہی کہا تھا کہ آئی پی ایل ایک میگا ایونٹ ہے جس سے بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر بڑا اثر پڑے گا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت آخری بار 2007ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتا تھا، آئی پی ایل شروع ہونے کے بعد آج تک بھارت ورلڈ کپ نہیں جیت سکا ہے۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی باولنگ کی پریشانی کا سبب آئی پی ایل ہی ہے،اگر بولرز زیادہ رفتار سے بولنگ کرتے تو انگلش بیٹرز کو مشکل میں ڈال سکتے تھے لیکن ٹیم کے پاس حقیقی پیسرز نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اگرچہ اویس خان اور عمران ملک تواترسے 145 کلومیٹر فی گھنٹے سے بولنگ کرتے ہیں لیکن فاسٹ بولرز آئی پی ایل کا ایک سیزن کھیلنے کے بعد اپنا ردھم کھوبیٹھتے ہیں۔
پینل میں موجود آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل ایک بڑا ایونٹ ہے، جہاں بھارتی کھلاڑی بہت اچھا کھیلتے ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کو دوسرے لیگز میں جاکر کھیلنا چاہیے، اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ الگ کنڈیشن میں کس طرح وہ کھیل پیش کرسکتے ہیں۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل ایک میگا ایونٹ ہے، جہاں سے بہت بڑا بزنس ہوتا ہے، اس طرح کا میگا ایونٹ کھیلنے پر کھلاڑیوں پر کئی زیادہ پریشر ہوتا ہے جہاں کئی کھلاڑی سنچری بھی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بڑے ایونٹ میں ناک آؤٹ راؤنڈ میں باہر ہورہی ہے، تو یہ صرف پریشر کی وجہ سے ہورہا ہے، بھارتی ٹیم آئی پی ایل میں جس طرح کھیلتی ہے اس میگا ایونٹ میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آتی ہے۔