FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

ملکی ایکسپورٹ میں مزید کمی ہونے کا انکشاف

اکتوبر میں ایکسپورٹس میں ماہانہ بنیاد پر 3 عشاریہ 7 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 3 عشاریہ 77 فیصد کی کمی ہوئی، 4 ماہ میں تجارتی خسارہ بھی 11 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا

لاہور (فوکس نیوز۔ 03 نومبر2022ء) ملکی ایکسپورٹس میں مزید کمی ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ماہ اکتوبر 2022 کے دوران ملکی ایکسپورٹس اور تجارتی خسارے سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2022 میں ملکی ایکسپورٹس میں ماہانہ بنیاد پر 3 عشاریہ 7 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 3 عشاریہ 77 فیصد کی کمی ہوئی، گزشتہ ماہ ایکسپورٹس کا ماہانہ حجم 2 عشاریہ 37 ارب ڈالرز رہا، جبکہ ستمبر 2022 میں یہ حجم 2 عشاریہ 40 ارب ڈالرز تھا۔
بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ یعنی جولائی تا اکتوبر میں تجارتی خسارہ بھی 11 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔ 4 ماہ کے دوران امپورٹس کا حجم 21 ارب ڈالرز سے زائد رہا جس کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا۔

جبکہ دوسری جانب حکومت ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام ہو گئی، 4 ماہ میں ٹیکس آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہوا، تحریک انصاف حکومت کے آخری سال کے اسی عرصے میں ٹیکس آمدن میں 36 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ماہ اکتوبر ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں ٹیکس آمدن اکٹھا کرنے کے ذمے دار ادارے ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران اب تک اکٹھے کیے گئے ٹیکس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ ، جولائی تا اکتوبر 2022 وصول ہونے والا ٹیکس ہدف سے 88 ارب روپے کم رہا۔
اکتوبر 2022 میں ٹیکس آمدن کا ہدف 600 ارب روپے تھا تاہم ایف بی آر 512 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کر سکا۔ بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں اکٹھے ہونے والے ٹیکس میں اضافہ اہداف سے کہیں کم ہے، اس سال جولائی تا اکتوبر ٹیکس آمدن بڑھنے کی شرح 16 فیصد رہی، جبکہ تحریک انصاف حکومت کے آخری سال، یعنی جولائی تا اکتوبر 2021 میں ٹیکس اکٹھا ہونے میں اضافے کی شرح 36 فیصد زیادہ تھی۔

ایف بی آر کے مطابق رواں سال جولائی تا اکتوبر 2 ہزار 144 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا ہے، جولائی تا اکتوبر 112 ارب روپے کا ٹیکس ری فنڈ بھی دیا گیا۔ ٹیکس آمدن میں کمی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امپورٹس میں کمی کیلئے حکومت کے سخت اقدامات کی وجہ سے ٹیکس آمدن بھی کم رہی۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ اور اکتوبر کے ماہ کے دوران ہونے والی مہنگائی کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔
رواں مالی سال کے چوتھے ماہ، اکتوبر 2022 میں مہنگائی کی شرح کئی دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ستمبرکے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی4.71 فیصد بڑھ گئی، اکتوبر میں مہنگائی بڑھ کر 26.56 فیصد ہوگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر2022 میں مہنگائی کی شرح 23.18 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں 4.50فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 5.01 فیصد بڑھ کر 29.5 فیصد پر پہنچ گئی۔ اعدادو شمار کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 24.6 فیصد رہی۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »