الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوایا،عمران خان کیخلاف کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کریں،الیکشن کمیشن
اسلام آباد ( فوکس نیوز ۔ 14 نومبر2022ء ) الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس فوجداری مقدمے کیلئے ٹرائل کورٹ کو بھیج دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوایا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس سیکشن 137،167 اور 170 کے تحت بھجوایا گیا ہے،الیکشن کمیشن کے مطابق ٹرائل کورٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے۔
واضح رہے کہ گزشہ دنوں الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا اور فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا،الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 ون پی کے تحت نااہل قراردیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کروائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا،جبکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکیل خالد اسحق نے مؤقف اپنایا تھا کہ ریفرنس میں سوال عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے کا تھا اور عمران خان نے جواب میں تحائف کا حصول تسلیم کیا اور یہ بھی تسلیم کیا کہ تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے۔سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔