یہ لوگ اقتدار میں آنے کیلئے پورے ملک کو آگ لگانا چاہتے ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 08 نومبر2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاست کریں فساد،فتنہ اور انتشار نہ پھیلائیں۔پورا پاکستان فارن فنڈڈ فتنہ کے جھوٹ،بہتان اور فساد کا شکار ہے،فارن فنڈڈ فتنہ آج تک اپنے خلاف کسی قانونی کیس میں پیش نہیں ہوا۔یہ لوگ اقتدار میں آنے کے لئے پورے ملک کو آگ لگانا چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر آباد حملے سے متعلق تین صحافیوں کا نام لیکر ان کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔جو آپ کیخلاف بات کرے وہ آپکا دشمن،ایف آئی اے،الیکشن کمیشن اور عدالت سوال پوچھے تو وہ بھی آپ کے دشمن؟ آپ خون بہا کر اور لاشیں گرا کر کیا کرنا چاہتے ہیں؟ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاست کریں صحافیوں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔
عمران خان نے حکومت میں رہ کر صحافیوں پر حملے کئے اور اب مقدمے کر رہے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کو سیاسی مخالفین کے ساتھ سیاسی جنگ لڑنی ہی نہیں آتی،سیاسی مخالفین کے ساتھ سیاسی مخالفت کریں ملک دشمنی تو نہ کریں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگرعمران خان کو 4 گولیاں لگی ہوں تو سیاست چھوڑ دوں گا،عمران خان کا غیرجانبدار میڈیکل بورڈ سے چیک اپ کروایا جائے،اگر چار گولیاں نہ لگی ہوں تو عمران خان سیاست چھوڑ دے۔
آرمی چیف کی توسیع سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان کافی ہے،فوج ایک منظم ادارہ ہے،فوج میں کوئی فرد ادارے کی پالیسی کیخلاف نہیں جاسکتا، اگر کوئی ادارے کی پالیسی کے خلاف جائے گا تو وہ بچ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مٹھی بھر لوگوں کو احتجاج پر لگایا ہوا ہے،چیلنج کرتا ہوں کہ اگرعمران خان کو 4 گولیاں لگی ہوں تو سیاست چھوڑ دوں گا،عمران خان کا غیرجانبدار میڈیکل بورڈ سے چیک اپ کروایا جائے، اگر چار گولیاں نہ لگی ہوں تو عمران خان سیاست چھوڑ دے۔عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں،دعویٰ سے کہتا ہوں کہ گرفتار ملزم ہی اصلی ملزم ہے۔