پولیس اور ایلیٹ فورس کے ساڑھے دس ہزار افسران اور جوان ڈیوٹی دیں گے،لانگ مارچ روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی ہو گی
راولپنڈی (فوکس نیوز ۔ 16 نومبر 2022ء) تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ڈویژن بھر میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے مجموعی طور پر ساڑھے 10 ہزار افسران اور جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی،جہلم،چکوال اور اٹک میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 34 اے ایس پیز اور ڈی ایس پیز،413 اپر سب آرڈینیٹ،4307 لوئر سب آرڈینیٹ بھی لانگ مارچ سکیورٹی پر تعینات رہیں گے۔ایلیٹ فورس کے 38 سیکشنز کے علاوہ 122 کمانڈوز بھی لانگ مارچ کی سکیورٹی پر تعینات کئے جائیں گے۔راولپنڈی ڈویژن میں 13 ایس ایس پی اور ایس پیز سپروائزی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،لانگ مارچ کے روٹ پر واقع بلند عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ ماہر نشانے باز بھی تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جبکہ لانگ مارچ روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کے 2 ہزار جوان اور پنجاب ہائی وے پیڑولنگ پولیس کے 500 افسران اور اہلکار سٹینڈ بائی پوزیشن پر الرٹ رہیں گے۔ٹریفک پولیس کے 1194 افسران اور اہلکار اور ضلعی پولیس کی 91 خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گی۔
جہلم میں پولیس فورس کی مجموعی طور پر نگرانی ڈی پی او جہلم کے ذمہ ہوگی،جہلم میں ایس ایس پیز اور ایس پیز سطح کے 2 افسران ،5 اے ایس پیز،ڈی ایس پیز،80 اپر سب آرڈینیٹ،2257 لوئر سب آرڈینیٹ،25 خواتین اہلکار اور 370 ٹریفک پولیس کے وارڈنز ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ضلع اٹک میں 624 پولیس افسران اور جوان لانگ مارچ کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے