FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد،رانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمے کیلئے درخواست جمع

آئی جی اسلام آباد اور ایس پی نوشیروان کیخلاف بھی راولپنڈی کے تھانے نیو ٹاؤن میں مقدمے کی درخواست جمع کرا دی گئی

راولپنڈی (فوکس نیوز۔ 23 اکتوبر 2022ء) پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کے معاملے پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمے کی درخواست جمع کرا دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور ایس پی نوشیروان کیخلاف بھی مقدمے کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے،اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست تھانہ نیو ٹاؤن میں دی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمہ تھانہ سنجگانی میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ عمران خان،اسد عمر اور علی نواز سمیت 100 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں دہشتگردی سمیت 10 دفعات شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے پارٹی قیادت کی ایماء پرسری نگر ہائی وے کو بلاک کیا،کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے باعث کئی پولیس اہکار زخمی ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جمعہ کے روز فیض آباد میں احتجاج اور توڑ پھوڑ پر اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں بھی دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں فیصل جاوید،عامر کیانی،قیوم عباسی،راجہ راشد اور عمر تنویر بٹ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس،ایف سی اور انتظامیہ پر پتھراؤ کیا۔پتھراؤ سے متعدد پولیس اور ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔مظاہرین نے قتل کی نیت سے پولیس اہکاروں پر گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ عمران خان کی نا اہلی کے فصیلے کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا۔الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ،کراچی ،لاہور اورپشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی نے مظاہرے کئے۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنان فیض آباد پہنچے اور سڑک بلاک کر دی تھی۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »