فتنہ شفاف الیکشن نہیں بلکہ ملک میں انتشار اور لاشیں چاہتا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (فوکس نیوز۔ 29 اکتوبر 2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے کے پاس کہنے کو کچھ نہیں،چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی گنجائش نہیں،فتنہ شفاف الیکشن نہیں بلکہ ملک میں فساد،انتشار اور لاشیں چاہتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کا جواب دیں،ہرجانے کا نوٹس اس لئے کیونکہ چیف الیکشن کمنشر نے اس کا جھوٹ پکڑا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہرجانے کا نوٹس اس لیے بھی کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خفیہ اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ پکڑی ہے۔فتنہ پہلے بتائے کہ رات کو ناکام مارچ چھوڑ کر گھر سونے کیلئے کیوں بھاگ گیا تھا؟ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت کی مذاکرات کی دعوت اور لانگ مارچ کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے پر ردِعمل دیا اور کہا کہ حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں۔
ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور حقیقی آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں تو دوسری طرف ایک غیر سنجیدہ کمیٹی کی تشکیل کی خبریں صرف آزادی مارچ کو انگیج کرنے کیلئے ہیں،یہ چالاکیاں نہیں چلنی،انتخاب کی تاریخ دیں۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ سے متعلق وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ کمیٹی لانگ مارچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلئے بنائی گئی۔ اگر لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات چیت کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کی کمیٹی میں ایاز صادق،خواجہ سعد رفیق،قمر زمان کائرہ،خالد مقبول صدیق،مولانا اسعد،میاں افتخار اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا ہم کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔