بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
سری لنکا نے قومی ویمنز ٹیم کو ایک رن سے شکست دیکر ویمنز ایشیاکپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بالرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر محض 122 رنز اسکور کرسکی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے ہرشیتھا سماراویکرما سب سے زیادہ 35 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر بیٹرز میں کپتان چماری اتھاپتھھو 10، انوشکا سنجیوانی 26، نیلاکشی ڈی سلوا 14، حسینی پریرا 13 جبکہ اوشادی رانا سنگھے 8 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ناشرہ سندھو نے 3 جبکہ ایمن انور، سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم منیبہ علی 18رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں، سدرا امین 9، عمیمہ سہیل 10 اور عائشہ نسیم 2 رنز بناسکیں۔ کپتان بسمہ معروف نے 42 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ ندا ڈرا نے 26 رنز بناکر نمایاں رہیں لیکن دونوں قومی ٹیم کو جیت دلوانے میں ناکام رہے۔
سری لنکا کی جانب سے انوکا راناویرا نے 2 جبکہ کماری اور کویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔