انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں1 روپے 4 پیسے مہنگا ، قیمت 220 روپے 50 پیسے ہوگئی
کراچی (فوکس نیوز۔ 19 اکتوبر2022ء) روپے کی قدر مسلسل گرنے لگی، امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے ، آج بھی انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں1 روپے 4 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 220 روپے 50 پیسے ہوگئی۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کئی مقامات پر ڈالر کی قیمت فروخت 228 روپے تک جاپہنچی ہے۔ دوسری جانب ایکسچینج کمپنیوں کے زیر انتظام اوپن مارکیٹ سے ڈالر غائب ہو گیا اور اطلاعات ہیں کہ امریکی کرنسی اس کے متوازی گرے مارکیٹ میں بہت زیادہ قیمت پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ڈالر اوپن مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے تاہم گرے مارکیٹ میں 232 روپے تک میں مل رہا ہے، جس سے قانونی کرنسی کا کاروبار بے معنی ہو رہا ہے۔
یاد رہے وزیرخزانہ اسحاق ڈاردعویٰ کر چکے ہیں کہ ڈالر کی قیمت بہت جلد واپس اصل ویلیو پر آجائے گی،ابھی ڈالر کی قیمت چند پیسے بڑھی ہے، اس کی اصل قیمت کم ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات اچھے رہے ہیں۔ انہوں نے لندن میں صحافیوں کو بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات اچھے رہے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے 4 دن میں 58 میٹنگز ہوئیں۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی اعلیٰ مینجمنٹ سے میٹنگز ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت چند پیسے بڑھی ہے، اس کی اصل قیمت کم ہے، جلد ڈالر کی قیمت واپس اصل ویلیو پر آجائے گی۔میاں صاحب سے بہت سی باتیں ہوتی ہیں ہر بات پبلک کرنے کی نہیں ہوتی۔یاد رہے 16 اکتوبر کو وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں سیلاب کی شدت اور تباہ کاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے مزید پالیسی تعاون کی درخواست کی، وزیر خزانہ نے درپیش چیلنجوں کے باوجود آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔