FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری

ڈالرز90 کی سطح سے گر جانے والے برطانوی خام کی فی بیرل قیمت دوبارہ 92 ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئی

نیویارک (فوکس نیوز۔ 19 اکتوبر2022ء) تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری، 90 ڈالرز کی سطح سے گر جانے والے برطانوی خام کی فی بیرل قیمت دوبارہ 92 ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق اوپیک ممالک کی جانب سے گزشتہ دنوں تیل کی طلب میں کمی ہونے پر پیداوار میں بھی کمی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد رواں سال کی کم ترین سطح پر پہنچ جانے والی خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ کر 100 ڈالرز فی بیرل کی سطح کے قریب پہنچ گئی تھیں۔
گزشتہ چند روز سے تیل کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاو چل رہا تھا، جبکہ منگل کے روز دوران ٹریڈنگ تیل کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ منگل کے روز برطانوی خام تیل کی قیمت دوبارہ 90 ڈالرز کی سطح سے نیچے گر گئی تھی، تاہم بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل دوبارہ مہنگا ہو کر 92 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک آ گیا۔

جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 85 ڈالرز پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی پیدوار کم کرنے کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات میں کچھ کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب کے لیے اس کے نتائج ہوں گے، اب وقت آگیا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات پر نظر ثانی کی جائے، میں اس عمل میں ہوں، جب ایوان اور سینیٹ واپس آجائیں گے تو انہیں روس کے ساتھ جو کچھ کیا ہے اس کے کچھ نتائج برآمد ہوں گے۔
جبکہ امریکی صدر کی دھمکی پر سعودی عرب کی جانب سے جواب دیا گیا کہ تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ خالصتا اقتصادی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اوپیک پلس کا فیصلہ خالصتا اقتصادی ہے اور اسے رکن ممالک نے متفقہ طور پرقبول کیا ہے۔ اوپیک پلس ممالک نے ذمہ داری سے کام کیا اور مناسب فیصلہ کیا، اوپیک پلس ممالک مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور پروڈیوسروں اور صارفین کے مفادات کے حصول کی کوشش کرتے ہیں۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »