پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہر غریب ملک میں زرداری اور شریف بیٹھے ہیں، شہبازشریف کہتے پھرتے ہیں بھیک نہیں مانگ رہا، مجبور ہوں۔
خیبرپختونخواہاؤس اسلام آباد میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن برائے خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رسول اللہﷺ کی سنت پرعمل کرکے مسلمان عظیم ہوگئے، نبی کریم ﷺ دنیا میں انقلاب لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میں بہت کچھ کرنے کی صلاحیت موجود ہے، رسول اللہ ﷺ نے انسانوں کو غلامی سے آزاد کیا، انہوں نے لوگوں کے ذہنوں کو آزاد کیا، اسلام نے خواتین کو برابر کےحقوق دیئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم معاشرے میں غلام بادشاہ بن گئے، انصاف لوگوں کو آزادی دیتا ہے، بدترین غلامی دیکھنی ہے تو اندرون سندھ چلے جائیں، سندھ میں وڈیرے انسانوں کو جیلوں میں ڈالتے ہیں، سندھ میں عام لوگوں کو کوئی حقوق حاصل نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حقوق نہ ملیں تو پھر معاشرہ جانوروں کا ہوجاتا ہے، مغرب میں جانوروں پر ایسا ظلم نہیں ہوتا جو سندھ میں انسانوں سے ہوتا ہے، سندھ میں جانوروں سے زیادہ انسانوں پر ظلم ہوتا ہے۔