پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے سے حکومت کے خلاف نئی تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکن اُن کی کال کا انتظار کریں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ عمران خان احتجاج کی کال دے کر حکومت پر جلد انتخابات کے لیے دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں جب کہ بعض مبصرین کہتے ہیں کہ ایسے وقت میں جب ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، ایسی کال دینا مناسب نہیں ہے۔
مبصرین کا ماننا ہے کہ سیاسی صورتِ حال اور آرمی چیف کی تقرری کے وقت کو دیکھتے ہوئے عمران خان جلد عام انتخابات کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس نومبر کے آخر میں وزیرِ اعظم پاکستان فوج کے چار یا پانچ سینئر ترین جنرلز میں سے کسی ایک کا بطور آرمی چیف انتخاب کریں گے۔