مسلم لیگ ن کے رہنما ہی مہنگائی اور ہوشربا بجلی کی قیمتوں کیخلاف آوازیں بلند کرنے لگے،عابد شیر علی کے بعد حنیف عباسی نے بجلی کی قیمتوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عام لوگوں سمیت دکاندار بھی بجلی کے بل دینے سے قاصر ہیں،کوئی ایسا سیکٹر نہیں جو بجلی کے بلوں سے متاثر نہ ہو،کمیٹیوں کے بجائے فوری فیصلے ہونے چاہئیں۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ انڈسٹریز اور دکانداروں پر لگائے گئے ٹیکسز فوری واپس لیے جائیں،وزارت خزانہ ڈرانے کے بجائے مشکلات کا حل تلاش کرے۔انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر کیوں ٹیکس لگایا جا رہا ہے؟ خیال رہے کہ گزشتہ روز عابد شیر علی نے کہا کہ عوام جھولیاں بھر کر ہمیں بددعائیں دے رہے ہیں،ہمارا حلقوں میں جانا مشکل ہو گیا ہے،عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو ہم خود عوام کیساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے