ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ! ہوشیار ہو جائیں

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ! ہوشیار ہو جائیں
کراچی – سندھ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے بڑی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں پر اب 5 ہزار سے لے کر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ٹریفک کی بگڑتی صورتحال کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ نئے پلان کے مطابق، ہیلمٹ نہ پہننے، سگنل توڑنے، اوور اسپیڈنگ، اور ون وے کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، کم سے کم جرمانہ 5 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں یا بار بار قانون توڑنے والوں پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ جرمانے صرف وصول نہ کیے جائیں بلکہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کو قانون کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے۔
حکام کے مطابق یہ اصلاحات عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کی جا رہی ہیں۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ شہریوں کو آگاہی دینے کے لیے مختلف مہمات شروع کی جائیں گی تاکہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔