FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

حماس نے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے اپنی شرائط پیش کردیں

حماس کے ایک سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے ثالثوں کو اسرائیلی فوجیوں کی رہائی سے متعلق اپنی رضامندی اور اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے اپنے شرائط سے بھی آگاہ کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں عارضی جنگ بندی سے متعلق ہونے والے مذاکرات کے دوران حماس نے جنگ بندی معاہدے کے دورانیے میں توسیع اور اسرائیلی فوجیوں کی رہائی سے متعلق اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

غزہ میں حماس کے سابق وزیر صحت باسم نعیم نے بیان کیا ہے کہ حماس نے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے میں اپنی شرائط ثالثوں کے آگے پیش کردی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ حماس نے تمام اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے میں تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ حماس کے پاس موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے دورانیے میں مزید توسیع سے متعلق بھی بات چیت بھی چل رہی  ہے۔

سابق فلسطینی وزیر صحت نے بتایا ہے کہ حماس نے اسرائیل پر یہ واضح کردیا ہے کہ فوجیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل کو پہلے اپنے ٹینکوں اور عسکری ساز و سامان سمیت غزہ سے واپس لوٹنا ہوگا۔

باسم نعیم نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل اپنے فوجیوں کی رہائی چاہتا ہے تو اسے پہلے غزہ پر اپنی جارحیت بند کرکے غزہ محاصرہ ختم کرنا ہوگا اور پھر تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔ جس کے بدلے میں حماس نے 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب، عرب میڈیا نے دعویٰ کی ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے میں دوسری مرتبہ توسیع کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ جبکہ حماس کی جانب سے جنگ بندی کے دورانیے میں دوسری مرتبہ توسیع کیلئے رضامندی ظاہر کی گئی ہے، تاہم حماس نے جنگ بندی کے دورانیے میں توسیع کیلئے پیش کیے گئے اسرائیلی پرپوزل کو مسترد کر دیا ہے۔

العربیہ کی خبر کے مطابق، حماس ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے دورانیے میں توسیع کیلئے پیش کیے گئے منصوبے پر حماس نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کیلئے اسرائیلی پرپوزل میں پیش کی گئی تجاویز بہتر نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ابتدائی طور پر چار روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس کی تکمیل پر جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی تھی، جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی میعاد آج ختم ہو جائے گی اس لیے مصر اور قطر دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں ایک اور توسیع کیلئے مذاکرات میں مصروف ہیں

 

 

 

 

 

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »