دوحہ (92 نیوز) – فیفا ورلڈکپ 2022 میں کروشیا نے مراکش کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
کروشیا نے مراکش کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ فٹ بال میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مراکش کی ٹیم نے ورلڈ کپ فٹ بال میں پوزیشن تو چوتھی حاصل کی، لیکن اپنی حیران کن کارکردگی سے دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے دل ضرور جیت لئے۔
فٹبال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کیلئے میچ کھیلا گیا، اس میں بھی مراکش نے اپنی مقابل کروشیا کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، تاہم گول کرنے کے کئی یقینی چانس ضائع کردیئے۔
قطر کے خلیفہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے،7 ویں منٹ میں کروشیا کے جوسکو گوارڈیول نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
کروشیا کو برتری حاصل کئے ابھی دو منٹ ہی گزرے تھے کہ مراکش کے اشرف داری نے شاندار گول کرکے اسکور ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
42 ویں منٹ میں کروشیا کے مسلاوا ورسک نے ایک اور شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو پھر برتری دلادی۔
دوسرے ہاف میں مراکش نے میچ برابر کرنے کی کی سرتوڑ کوشش کی لیکن میچ کا اختتام کروشیا کی فتح پر ہوا، اس طرح کروشیا اس ایونٹ میں تیسری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔