قاتل مارچ جہاں سے گزر رہا ہے لوگوں کی جانیں لے رہا ہے،وفاقی وزیر توانائی
اسلام آباد (فوکس نیوز۔ 03 نومبر 2022ء) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے لانگ مارچ کو فرلانگ مارچ قرار دے دیا،انہون نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جس طرح رینگ رہا ہے،اس کا نام تو فرلانگ مارچ ہونا چاہیے۔قاتل مارچ جہاں سے گزر رہا ہے،لوگوں کی جانیں لے رہا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ ‘‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل جنگ یہ ہے آئین کی سربلندی ہو گی یا نہیں؟جی ٹی روڈ پر عمران خان ناکام ہیں،اصل طاقت کا فیصلہ اسلام آباد میں ہو گا۔
فیض آباد دھرنے پر عدالتی فیصلے نے مارچ کی حدود و قیود مقرر کر دی تھیں۔ خرم دستگیر نے سوشل میڈیا سے متعلق ایف آئی اے کے قانون میں ترمیم کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کابینہ میں بھی اس ترمیم کی مخالفت کی،وزیراعظم شہباز شریف سے بھی کہوں گا کہ اسے واپس لیا جائے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہیں،لانگ مارچ سے پورے ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔
ملک میں کوئی تناؤ ہے تو وہاں ہے جہاں سے یہ فسادی مارچ گزرتا ہے۔اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے،اگر یہ اسلام آباد امن سے بیٹھتے ہیں تو آ جائیں۔ آئینی اداروں کے مراکز کی حفاظت وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔فسادیوں کے سرغنہ کی گفتگو میں تشدد کی دھمکی ہوتی ہے،عمران خان کا ریکارڈ تشدد کا ہے اس لئے حکومت ان سے نمٹنے کیلئے پرعزم اور تیار ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپکو مارشل لاء سے فرق نہیں پڑتا لیکن قوم کو فرق پڑے گا۔ اظہار رائے کی آزادی صرف عمران خان کو حاصل نہیں،گوجرانوالہ کے شہریوں نے اپنی سیاسی رائے کا اظہار کیا اور بینرز کے ذریعے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو یکسر مسترد کردیا۔ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے،12 اگست کو قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی۔ جبکہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پنجاب حکومت سے خرم دستگیر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ خرم دستگیر نے اعتراف کیا ہم نے بینرز لگائے،خرم دستگیر کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ان کو تو جیل میں ہونا چاہیے۔