کارکنان نے کہیں میخیں گاڑ کر خیمے لگا لیے تو کہیں عارضی چولہے چڑھا لیے،کارکنان موٹروے پر کرسیاں ڈال کر بیٹھ گئے
لاہور (فوکس نیوز ۔ 10 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایم ٹو موٹروے کھود ڈالی۔پی ٹی آئی کارکنان نے کہیں میخیں گاڑ کر خیمے لگا لیے تو کہیں عارضی چولہے چڑھا لیے اور کھانا پکانے لگے۔کارکنان موٹروے پر کرسیاں ڈال کر بیٹھ گئے۔ایم ٹو موٹروے کی دونوں اطراف شاہراہ کو کھود کر خیمے نصب کیے گئے جبکہ اس موقع پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی۔
لانگ مارچ کے باعث راولپنڈی میں تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں۔پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج وزیرآباد سے دوبارہ آغاز کرے گا جس کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے۔
تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان پر وزیر آباد میں ہوئے حملے کے بعد روک دیے جانے والے لانگ مارچ کو دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، مارچ کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے بھی کمر کس لی۔
اس حوالے سے منگل کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جمعرات سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، پولیس حکام نے لانگ مارچ کی سکیورٹی کے بارے میں مجوزہ پلان پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو وزیرآباد سے راولپنڈی تک ہر شہر میں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔
لانگ مارچ کے روٹ میں آنیوالی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ وزیر آباد سے راولپنڈی تک لانگ مارچ کے روٹ پر 15ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ پولیس کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال انداز میں فرائض سرانجام دے۔ لانگ مارچ کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کمی جائے، لانگ مارچ کے گرد 2 درجاتی سکیورٹی حصار بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اورلانگ مارچ کے شرکاء کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔