FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

لانگ مارچ،اسلام آباد انتظامیہ نے 10 ایمبولینس اور 5 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مانگ لیں

اسلام آباد کے ضلعی مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں سی ڈی اے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو خط لکھ دیا

اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 03 نومبر 2022ء ) پی ٹی آئی کا لانگ مارچ منزل کی جانب گامزن ہے اور اسلام آباد پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے بھی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کیلئے سی ڈی اے سے 10 ایمبولینس مانگ لی ہیں۔ اسلام آباد کے ضلعی مجسٹریٹ نے سی ڈی اے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو اس سلسلے میں خط بھی لکھ دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کے پش نظر 10 ایمبولینس اور 5 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی جلسہ اور دھرنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی جلسہ اور دھرنا کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، اس دوران پی ٹی آئی وکیل بابر اعوان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ انتظامیہ کو نوٹس ہوا تھا کیا کوئی پیش ہوا؟ جواب نفی میں ملنے پر عدالت نے انتظامیہ کے مجاز افسر کی عدم پیشی پر سرزنش کی۔ جسٹس عامر فاروق نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہائیکورٹ ہے پیش ہوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو فوری طلب کرلیا۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے 25 مئی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو پڑھ کر سنایا، جس پر جسٹس عامر فاروق نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا یہ سپریم کورٹ کا آرڈر ہے ؟ اس پر بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ یہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا جواب ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ عمومی طور پر جلسوں کی اجازت سے متعلق کیا طریقہ کار ہے؟ جس کے جواب میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے کہا کہ ہوتا یہی ہے پارٹی کی اجازت سے یقینی دہانی کرائی جاتی ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »