شہباز شریف پانچ دن سے لندن میں بیٹھے ہیں، یہ لوگ تقرریوں کومتنازع بنا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو
لاہور ( فوکس نیوز۔ 13 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام تقرریوں سے نہیں الیکشن سے آنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پانچ دن سے لندن میں بیٹھے ہیں، یہ لوگ تقرریوں کومتنازع بنا رہے ہیں، جیسا یہ لوگ کر رہے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے، ملک میں استحکام تقرریوں سےنہیں الیکشن سے آنا ہے، پاکستان کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ فیصلہ کرنے والے عوام کو جوابدہ نہیں ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے ہوتے ہیں اور عوام پر مسلط کر دیتے ہیں، اگر فیصلہ سازی منتخب نمائندوں کے پاس ہو اور انھیں پتہ ہو کہ انھوں نے عوام کے پاس احتساب کیلئے پیش ہونا ہے تو ہی عوام فیصلہ سازی میں حصہ دار ہوں گے، عمران خان اور فوج کے درمیان فاصلے پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں۔
اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ فاصلے کم ہوں تو ملک میں استحکام آئے گا، فوجی قیادت سمجھے وہ کوئی علیحدگی پسندوں یا دہشت گردوں سے جنگ نہیں لڑ رہے، یہاں بندوق نہیں آئیڈیاز چاہئیں، حکومت پرامن سٹیلمنٹ کیلئے تیار نہیں ہے، رانا ثنااللہ چا ہتے ہیںملک میں فساد ہو،آرمی چیف کی تقرری پر اتفاق نہ ہونا سیاستدانوں کی ناکامی ہے،عمران خان کوگرفتار کیا گیا تو حالات خراب ہونگے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرعمران خان کوگرفتارکیا گیا تو حالات خراب ہوں گے، اگر حکومت قبل از وقت انتخابات کرانے پہ راضی ہوتی ہے تو ہم اس کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، باقی سارا فریم ورک ہم ان کے ساتھ بیٹھ کر طے کرنے کو بھی تیار ہیں، موجودہ حکومت آکشن کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے، رانا ثنا اللہ نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا وہ چاہتے ہیں ملک میں فسا د ہو، روزکسی نہ کسی کو اٹھا لیا جاتا ہے اور لوگوں کی ویڈیوز آجاتی ہیں، آرمی چیف کی تقرری پر اتفاق نہ ہونا سیاستدانوں کی ناکامی ہے۔