FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس جاری

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 15 دن تک ملتوی کر دی،الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاری کریں یا کیسز لڑیں،عدالت

اسلام آباد (فوکس نیوز۔ 15 نومبر2022ء) سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت عظمٰی نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن نے مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کسی ایک ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست کی؟الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاری کریں یا کیسز لڑیں۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم سے کیسزیکجا کرنے کی عدالتی نظیر بھی پیش کی۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پرعمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کر دئیے اور کیس کی سماعت 15 دن تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے سماعت کیلئے 3 رکنی بینچ تشکیل دیا۔بینچ کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان کریں گے جبکہ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی بینچ میں شامل ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کو ہائیکورٹس میں چیلنج کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی اور زیر التوا کیسز کو کسی ایک ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کی استدعا کی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کر رکھی ہے اور اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »