FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

پنجاب میں پی ڈی ایم کی اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہش ادھوری رہ گئی

ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ کر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے پی ڈی ایم سے رابطے منقطع کردیے ، پرویز الٰہی کی حکومت محفوظ ہوگئی

لاہور(فوکس نیوز۔ 19 اکتوبر 2022ء) پنجاب میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہش ادھوری رہ گئی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ کر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے پی ڈی ایم سے رابطے منقطع کردیے جبکہ ضمنی انتخابات کے بعد پنجاب میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی حکومت محفوظ ہوگئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات میں بدترین شکست پی ڈی ایم کی پنجاب میں تبدیلی کی کوشش دھری کی دھری رہ گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سے بیک ڈوررابطے رکھنے والے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے نتائج کے بعد رابطے منقطع کر دئیے۔ باغی ارکان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنی 2 نشستیں کھو دیں، یہ ہمیں کیا بچائیں گے یا آئندہ انتخابات میں جتوائیں گے۔

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اپنی پارٹی کے ساتھ ہی رہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات کے بعد پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا منصوبہ بنایا تھا۔

منصوبے کے تحت پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی 3 مرحلوں میں مکمل ہونی تھی۔ پہلے مرحلے میں سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونا تھی۔ دوسرے مرحلے میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی تھی۔ کامیابی کی صورت میں پنجاب اسمبلی کےرواں سیشن کوغیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنا تھا۔ تیسرے مرحلے میں گورنرپنجاب نے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا تھا۔ ضمنی انتخابات میں خلاف توقع نتائج کے بعد پی ڈی ایم کی ان ہاؤس تبدیلی کی خواہش ادھوری رہ گئی۔ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف اور ق لیگ کی پنجاب میں حکومت مستحکم ہو گئی، پنجاب مسلم لیگ نواز کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا، اب موجودہ سیاسی صورتحال میں آئندہ ن لیگ کی حکومت بننا نا ممکن دکھائی دے رہا ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »