82 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل ڈالی
میلبورن (فوکس نیوز ۔ 23 اکتوبر 2022ء ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ٹو کے میچ میں ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ اننگز کھیل کر بھارت کو پاکستان کے خلاف کامیابی دلوادی۔ پاکستان کو اننگز کے آغاز پر ہی بڑا دھچکا لگا جب کپتان بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں بھی ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا، وہ اننگز کے چوتھے اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے 10 اوورز کے اختتام پر 62 رنز بنالیے جب کہ گیاروہ اوور پاکستان کے لیے کچھ بہتر ثابت ہوا جہاں افتخار احمد نے 6 رنز کے لیے گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینک دیا۔
12 ویں اوور میں افتخار احمد نے جارحانہ بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور 3 فلک شگاف چھکے لگائے، وہ 34 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد نائب کپتان شاداب خان بیٹنگ کرنے آئے اور 6 گیندوں کا سامنا کے بعد صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ ان کے بعد حیدر علی آئے جو 4 گیندوں پر صرف 2 رنز ہی بناسکے، دونوں بلے بازوں کو ہارڈک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ محمد نواز بھی ہارڈ پانڈیا کا نشانہ بنے، انہوں نے 6 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 رنز بنائے۔ آصف علی بیٹنگ کرنے آئے اور صرف 3 رنز بناکر واپس لوٹ گئے، ان کو ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔
شان مسعود نے 40 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ارشدیپ سنگھ کو ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کیا، وہ 8 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث رؤف نے پہلی بال پر ہی بھونیشو کمار کو زوردار کا چھکا رسید کیا۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر کے ایل راہول کو فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کلین بولڈ کیا، وہ صرف 4 رنز بنا سکے۔ اگلے ہی اوور میں حارث رؤف کی گیند پر بھارتی کپتان روہت شرما بھی آؤٹ ہوگئے، وہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سوریا کمار یاوید تھے جنہیں حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ 10 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اکسر پٹیل تھے جو کپتان بابر اعظم کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوئے، وہ صرف 2 رنز بنا پائے۔ ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا نے زبردست پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو 100 رنز کے پار پہنچادیا۔ دونوں کے درمیان 78 گیندوں پر 113 رنز کی عمدہ پارٹنر شپ لگی جس نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ ہاردک پانڈیا 40 رنز بنا کر نواز کا شکار بنے۔
بھارت کو جیت کیلئے 6 گیندوں پر 16 رنز درکار تھے، آخری اوور کی 5 ویں گیند پر نواز نے دنیش کارتھک کو آؤٹ کیا تاہم آخری گیند پر بھارت نے 160 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ یوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ کوہلی نے میچ میں ناقابل 82 رنز بنا کر شکست رہے اور مین آف دی میچ کے حقدار بھی ٹھہرے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پچ بولنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے، میچ کی بہت اچھی تیاری کی ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو باؤلنگ ہی کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی، ہم چھ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں۔ پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور حارث رؤف شامل ہیں۔ بھارتی اسکواڈ میں روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، ہارڈک پانڈیا، دنیش کارتک، ایکسر پٹیل، روی ایشون، محمد شامی، بھونیشور کمار، اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔