امریکا سے پی ٹی آئی کے تعلقات ایک ہی رات میں ٹھیک ہو سکتے ہیں، ٹرمپ کے امریکی صدارت سے ہٹنے کے بعد میں نے ان سے بات کی تو ٹرمپ نے پوچھا کہ میرا دوست عمران خان کیسا ہے، زلفی بخاری کی گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ امریکا سے پی ٹی آئی کے تعلقات ایک ہی رات میں ٹھیک ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے پی ٹی آئی کے تعلقات ایک ملاقات میں ٹھیک ہو جائیں گے۔ پی ٹی آئی رہ نما زلفی بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمران خان کے بڑے اچھے تعلقات تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے امریکی صدارت سے ہٹنے کے بعد میں نے ان سے بات کی تو ٹرمپ نے پوچھا کہ میرا دوست عمران خان کیسا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےچند روز قبل مزار قائد پر حاضری دی‘ جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
امریکی سفیر نے مزار قائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری باعث فخر ہے۔ قائداعظم کی شخصیت سے بے حد متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری بڑی طاقت ہے۔ پاکستانی اکسیویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ امریکی سفارتخانے اور سندھ کے محکمہ سیاحت کی شراکت داری باعث فخر ہے۔